نئی دہلی 4 فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)راجدھانی دہلی کے خیالہ علاقے میں دوسرے طبقہ کی لڑکی سے معاشقہ کی قیمت اپنی جان گنواکر ادا کرنے کے معاملہ میں سیاست میں ابال پیدا ہوگیاہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے اتوار کو مقتول کے باپ سے بات کر متاثرہ خاندان کے تئیں اپنی تعزیت ظاہر کی ہے۔ سی ایم کجریوال نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی ہے ۔اروند کجریوال نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ انہوں نے انکت کے والد صاحب سے بات کی ہے۔ کجریوال نے لکھا کہ جو کچھ بھی ہوا اس کی جتنی مذمت کریں ،کم ہے۔ اس دوران مخالفین کے سوالات سے گھری عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ بھی انکت کے سوگوار اہل خانہ سے ملنے جا رہے ہیں ۔عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی الکا لامبا نے بھی پورے معاملے پر ٹوئٹ کیااور لکھا کہ جب وہ ایک دوسرے سے شادی کرنا چاہتے ہیں تو مذہب کے ٹھیکیدار اس کو’ لو جہاد‘کا نام دے کر جبراً ’’ گھر واپسی‘‘ کے بزدلانہ عمل پر اپنی آمادگی کا بے خوف و خطر اظہار کرتے ہیں اور جب اس کے پریمی جوڑے کا قتل کر دیا جاتا ہے تب بھی یہی مذہب کے ٹھیکیدار گھڑیالی آنسو بہانے پہنچ جاتے ہیں۔ان کی سازشیں گہری ہیں، ہم گہرائی تک اترنے کا دم رکھتے ہیں ۔